بیرونی طاقتوں پر انحصار کے بجائے خلیجی ممالک اپنی سیکیورٹی خود سنبھال لیں، عمان

1

عمان کے وزیرِ خارجہ سید بدر البوسعیدی نے کہا ہے کہ ایران اور عراق سمیت خلیج کے تمام 8 ممالک کو خطے کی سلامتی کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے اور بیرونی طاقتوں پر انحصار کم کرنا چاہیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ نے یہ بات پیر کو برطانیہ کی جامعہ کیمبرج کے جیرٹن کالج میں مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی سے متعلق ایک لیکچر کے دوران کہی۔

بدر البوسعیدی نے خلیجی سلامتی پر بات چیت کے لیے آٹھوں ممالک کا اجلاس بلانے کی تجویز دی اور کہا کہ ایسا اجتماع 1976 کے بعد نہیں ہوا۔

انہوں نے تمام آٹھ ممالک کے درمیان عدم جارحیت کے معاہدے کو خطے کے جامع سلامتی نظام کی بنیاد قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک کو ایک دوسرے کو خارج کرنے کے بجائے مشترکہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، جبکہ بیرونی ممالک کے ساتھ شراکت داری کا محور بتدریج فوجی وابستگیوں کے بجائے اقتصادی تعاون ہونا چاہیے۔

بدر البوسعیدی کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کے منصوبے اکثر خطے سے باہر تیار کیے جاتے ہیں اور علاقائی ممالک کو یا تو نظرانداز کیا جاتا ہے یا ثانوی حیثیت دی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں