ایران کی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی نے کہا ہے کہ امریکا نے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران کے نظام کے خاتمے کی توقع لگا کر سنگین غلطی کی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ سیاسی امور کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کے استحکام اور بحرانوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا درست اندازہ نہیں لگایا
انھوں نے مزید کہا کہ امریکی حکمت عملی ایرانی معاشرے کی زمینی حقیقتوں کو مدنظر رکھ کر نہیں بنائی گئی تھی۔ امریکا نے یہ سمجھنے میں غلطی کی کہ سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد ایران کا نظام کمزور ہو کر بکھر جائے گا۔
یداللہ جوانی نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت سے پہلے بھی امریکا ایران پر مسلسل دباؤ ڈالتا رہا ہے لیکن ایرانی قیادت کی ثابت قدمی اور مضبوط ردعمل کے باعث یہ کوششیں اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکیں۔
یاد رہے کہ فروری کے آخری روز امریکا اور اسرائیل کے حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت شہید ہوگئے تھے جس کے بعد نئے سپریم لیڈر کے طور پر ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو مقرر کیا گیا۔