خلیج عرب میں آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، متحدہ عرب امارات نے 22 افراد کو بچا لیا

1

اماراتی حکام کے بیان کے مطابق کوسٹ گارڈ کو آئل ٹینکر کے عملے کی جانب سے ہنگامی مدد کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

نیشنل گارڈ کی خصوصی ٹیموں نے متاثرہ جہاز کا پتا لگایا اور وہاں پہنچ کر عملے کے تمام 22 ارکان کو بحفاظت نکال لیا۔

ریسکیو کیے گئے افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا۔ بچائے گئے تمام افراد کی حالت مستحکم ہے۔

تاہم آئل ٹینکر میں آگ لگنے کی وجوہات، جہاز کی شناخت اور ممکنہ مالی یا ماحولیاتی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اماراتی نیشنل گارڈ کے مطابق یہ کارروائی سمندری ہنگامی صورت حال سے نمٹنے، انسانی جانوں کے تحفظ اور بحری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ادارے کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔

خلیج عرب عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری خطہ ہے، جہاں آئل ٹینکروں اور دیگر تجارتی جہازوں کی مسلسل آمدورفت رہتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں