امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ایک یا دو جوہری تنصیبات اب بھی امریکی کارروائی کی زد میں آنے سے باقی ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں صرف 10 منٹ میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور ایران معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے تاہم واشنگٹن اس معاملے میں کسی قسم کی جلد بازی نہیں کرنا چاہتا۔
امریکی صدر نے ایران کے طرزِعمل پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران معاہدہ کرنے کے بعد اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے اس لیے اسے زیادہ قابلِ بھروسا نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ ایران واقعی کسی معاہدے پر پہنچتا ہے یا نہیں۔
ایران پر دوبارہ حملوں سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے اسے بے وقوفانہ سوال قرار دیا، تاہم دعویٰ کیا کہ امریکا پہلے ہی ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام اور متعدد جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا چکا ہے۔