پاک فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کو غیرریاستی عناصر چلا رہے ہیں اور یہ ایک رجیم ہے، افغان طالبان حکومت بھارت کی پراکسی ہے اور کرائے کے جنگجو استعمال کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عالمی خبر ایجنسی رائٹرز کو دو روز قبل دیے گئے انٹرویو میں افغان طالبان حکومت کے حوالے سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے اور افغان طالبان رجیم بھارت کی پراکسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں، افغان طالبان اپنے مذموم مقاصد کے لیے غیرریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجو استعمال کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کو اب بھی غیرریاستی عناصر چلارہے ہیں، یہ ایک رجیم ہے، افغانستان میں روسی مداخلت کے بعد وہاں متعدد ایجنسیوں اور پراکسیز نے اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں اور جیش العدل، القاعدہ، آئی ایس کے پی جیسی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں اور اس بات کی نشاندہی اقوام متحدہ اورامریکہ کے علاوہ کئی ممالک کرچکے ہیں۔