ایرانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بحیرۂ عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب امریکی نیوی کے ڈسٹرائرز کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی تھی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی جہازوں نے مبینہ طور پر اپنی ریڈار سسٹمز بند کر کے خفیہ انداز میں آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی کوشش کی جو خطے کی سیکیورٹی کے لیے خطرناک اقدام سمجھا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جیسے ہی امریکی جہازوں نے دوبارہ اپنے ریڈار فعال کیے، ایرانی بحریہ نے فوری طور پر انہیں شناخت کر لیا اور ریڈیو کے ذریعے خبردار کیا کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی جہازوں نے ریڈیو پر دی گئی اس وارننگ کو نظر انداز کیا۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر ایرانی بحریہ نے مزید سخت پیغام دیتے ہوئے امریکی جہازوں کے قریب کروز میزائل، راکٹ اور جنگی ڈرونز کے ذریعے “وارننگ شاٹس” فائر کیے تاکہ انہیں علاقے سے دور رہنے پر مجبور کیا جا سکے۔