0

کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب میں مستقل رہائش کا فیصلہ، النصر سے معاہدہ 2027 تک بڑھا دیا

ریاض (نیا محاذ): دنیا کے معروف ترین فٹبالرز میں شمار کیے جانے والے کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں مستقل رہائش اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ النصر فٹبال کلب کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنی بقیہ زندگی سعودی عرب میں گزارنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے، جہاں وہ اور ان کا خاندان خود کو گھر جیسا محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “میرا خاندان میرے ہر فیصلے میں میرے ساتھ ہے اور ہم سب یہاں بہت خوش ہیں، اسی لیے ہم نے یہاں مستقل زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔”
یاد رہے کہ 40 سالہ پرتگالی اسٹار نے 2022 کے آخر میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی اختیار کرکے سعودی عرب کے النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اب انہوں نے اپنے کلب کے ساتھ 2027 تک معاہدہ میں توسیع کر دی ہے، جس کا باضابطہ اعلان گزشتہ جمعرات کو کیا گیا۔
رونالڈو نے یہ بھی کہا کہ وہ النصر کلب کے ساتھ کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے کے مشن پر ہیں، اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے امریکا میں جاری فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو مسترد کر دیا تاکہ وہ آرام اور تیاری پر توجہ دے سکیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کی یہ پیش رفت نہ صرف سعودی فٹبال کے لیے ایک سنگ میل ہے بلکہ عالمی کھیلوں میں مشرقِ وسطیٰ کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں