0

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا ’ڈاکیومنٹ اسکین‘ فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: (نیا محاذ) دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک زبردست اور کارآمد فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اب صارفین ایپ کے اندر ہی کسی بھی دستاویز کو اسکین کر کے براہ راست پی ڈی ایف کی شکل میں شیئر کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اس نئی سہولت سے اب کسی تھرڈ پارٹی اسکیننگ ایپ کی ضرورت نہیں رہی۔ پہلے یہ فیچر صرف آئی فون (iOS) صارفین کے لیے دستیاب تھا، لیکن اب اینڈرائیڈ صارفین بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے۔

تکنیکی ویب سائٹ ’ویبیٹا انفو‘ کے مطابق واٹس ایپ نے یہ نیا فیچر اپنے بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے متعارف کرایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سہولت “شیئر ڈاکیومنٹ” مینیو میں “Scan Document” کے نام سے نظر آئے گی۔
اس فیچر کے ذریعے جب صارف اسکین ڈاکومنٹ کے آپشن کو منتخب کرے گا تو موبائل کیمرہ خود بخود آن ہو جائے گا، جس کے ذریعے کسی بھی فزیکل ڈاکیومنٹ کو اسکین کیا جا سکتا ہے۔ اسکین کرنے کے بعد صارف اسے پی ڈی ایف میں محفوظ کر کے واٹس ایپ پر براہ راست شیئر کر سکے گا۔
فیچر میں یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ اسکین شدہ ڈاکیومنٹ کا پریویو دکھایا جائے گا تاکہ صارف چاہے تو مارجن یا دیگر تفصیلات کو اپنی مرضی کے مطابق ایڈجسٹ کر سکے۔
یہ فیچر جلد ہی تمام صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ دفاتر، اداروں، اور طلبہ کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں