نئی دہلی: (نیا محاذ) بھارت اور اسرائیل کے خفیہ گٹھ جوڑ نے ایک اور سنسنی خیز رخ اختیار کر لیا ہے۔ تازہ ترین انکشافات کے مطابق بھارتی سافٹ ویئر کمپنیوں نے ایران کے حساس قومی ڈیٹا کو اسرائیل تک منتقل کیا، جس سے ایران کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
آسٹریلوی صحافی اور معروف ایکس لائیو شو میزبان ماریو نوفل نے انکشاف کیا ہے کہ ایران میں جاری مشترکہ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ بھارتی پروگرامرز نے خفیہ طور پر ایرانی سائنسدانوں اور تنصیبات کا ڈیٹا اسرائیل کو فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کوڈر نہ صرف حساس معلومات چرا رہے تھے بلکہ وہ ایرانی فوجی نظام میں بھی سائبر مداخلت کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل کو ایرانی شہری رجسٹری، پاسپورٹ ڈیٹا، ایئرپورٹس کی سیکیورٹی تفصیلات اور یہاں تک کہ جوہری سائنسدانوں کے بارے میں خفیہ معلومات تک رسائی دی گئی۔ اس سلسلے میں بھارتی سافٹ ویئر کمپنیوں نے اسٹار لنک نیٹ ورک کے ذریعے ڈیٹا منتقل کیا، جو عالمی سطح پر ایک خطرناک ڈیجیٹل جاسوسی کا نمونہ بن چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کو فوری طور پر اپنے ڈیجیٹل سسٹمز کا ازسرِنو جائزہ لینا چاہیے اور مقامی سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانا چاہیے تاکہ ایسے خطرات سے بچا جا سکے۔
یہ انکشاف اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت اب خطے میں ایک ڈیجیٹل پراکسی کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جو صیہونی طاقتوں کے مفادات کے لیے سرگرم ہے۔ دنیا کو اس ڈیجیٹل دہشت گردی کے نیٹ ورک پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مزید ممالک اس کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔
ایرانی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر مکمل تحقیقات جاری ہیں اور جلد ممکنہ ردعمل اور باضابطہ مؤقف سامنے آنے کی توقع ہے۔
