0

چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، انتظامیہ کی کارروائیاں، دکانداروں نے فروخت روک دی

لاہور: (نیا محاذ) چینی کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے مہنگی چینی کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ حکام نے تھوک مارکیٹ اور شوگر ملز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کارروائیاں تیز کر دی ہیں تاکہ صارفین کو سستے داموں چینی دستیاب ہو سکے۔
تفصیلات کے مطابق شوگر ملز چینی 175 روپے فی کلو میں جبکہ تھوک مارکیٹ میں 178 سے 180 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہی ہے۔ پرچون کی سطح پر یہی چینی 185 سے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، حالانکہ حکومت نے سرکاری نرخ 164 روپے فی کلو مقرر کر رکھا ہے۔
انتظامیہ نے متعدد دکانوں پر چھاپے مارے اور سرکاری نرخ پر چینی نہ بیچنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی، جس کے بعد بعض دکانداروں نے چینی فروخت کرنا ہی بند کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں چینی کی طلب میں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد شوگر ملز نے قیمتیں از خود بڑھا دیں۔ حکومت اور شوگر ملز کے درمیان متعدد مذاکرات کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی۔
عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ روزمرہ کی اس بنیادی ضرورت کو عام شہری کی پہنچ میں لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں