کراچی (نیا محاذ) – پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاک بحریہ کے زیراہتمام ایک باوقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔
تقریب کے آغاز پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، جس کے بعد انہوں نے پریڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کے کیڈٹس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے بھی نوازا۔
تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، غیر ملکی سفارتکار اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور قومی خدمات میں ان کے کردار کو سراہا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیڈٹ عبدالرحمٰن کو شاندار کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے بھی نوازا، جو تقریب کا اہم لمحہ ثابت ہوا۔
یہ تقریب نہ صرف نئی نسل کے محافظوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنی بلکہ ملکی دفاع کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کا عکاس بھی بنی۔
