لاہور (نیا محاذ) – محرم الحرام کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزارت داخلہ نے ملک بھر میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاک فوج کے دستے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ یہ اقدام صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کی درخواست پر کیا گیا، جنہوں نے محرم کے دوران حساس علاقوں میں اضافی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جس کے تحت فوج کو سول اداروں کی مدد کے لیے طلب کیا جا سکتا ہے۔ فوجی اہلکار مقامی پولیس اور رینجرز کے ہمراہ مشترکہ گشت کریں گے اور اہم مقامات پر سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حساس شہروں اور علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ بعض مقامات پر انٹرنیٹ سروس کی عارضی بندش پر بھی غور کیا جا رہا ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں ماضی میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
