کیلیفورنیا (نیا محاذ) – دنیا کا سب سے بڑا ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب اب تلاش کے نظام کو اور بھی ذہین اور مؤثر بنانے جا رہا ہے۔ کمپنی نے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایک نیا “کاروسیل فیچر” اور چیٹ بوٹ متعارف کرایا ہے جو صارفین کے ویڈیو دیکھنے کے تجربے کو یکسر بدل سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق یہ فیچر گوگل اے آئی اوورویوز جیسا ہے۔ اب جب کوئی صارف کچھ تلاش کرتا ہے، جیسے کہ “ہوائی کے بہترین ساحل”, تو یوٹیوب نہ صرف ویڈیوز کی قطار (carousel) پیش کرتا ہے بلکہ ہر ویڈیو کے ساتھ خودکار خلاصہ بھی ظاہر ہوتا ہے جو کہ اے آئی نے تیار کیا ہوتا ہے۔
ان خلاصوں میں ویڈیو کے اہم نکات، مرکزی مواد اور مقصد کو نمایاں کیا جاتا ہے، جس سے صارف کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہوتی ہے کہ اسے کون سی ویڈیو دیکھنی چاہیے۔
یوٹیوبرز کیلئے چیلنج یا سہولت؟
یہ سہولت صارفین کیلئے تو بلاشبہ آسانی پیدا کرتی ہے، مگر یوٹیوب کریئیٹرز کے لیے یہ ایک چیلنج بن سکتی ہے۔ اگر صارفین صرف خلاصہ پڑھ کر ہی مطمئن ہو جائیں تو مکمل ویڈیوز کے ویوز اور آمدن پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ویڈیو کے دوران چیٹ بوٹ بھی دستیاب
یوٹیوب نے اس کے ساتھ ساتھ ایک AI چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا ہے جسے ویڈیو کے دوران “Ask” بٹن سے فعال کیا جا سکتا ہے۔ یہ چیٹ بوٹ صارف کے سوالات کا جواب دیتا ہے، ویڈیو کا خلاصہ فراہم کرتا ہے اور اضافی معلومات بھی دیتا ہے۔
فی الحال یہ فیچرز صرف امریکی صارفین کے لیے اور انگریزی زبان میں دستیاب ہیں، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر تجربہ کامیاب ہوا تو جلد ہی انہیں دیگر زبانوں اور ممالک تک توسیع دی جائے گی۔
