0

کراچی میں موسم خوشگوار، بادلوں کا راج اور بارش کا سلسلہ جاری

کراچی (نیا محاذ) – شہر قائد پر ایک بار پھر بادلوں کا راج قائم ہے اور وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی و تیز بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا ہے۔ شہریوں نے موسم کی اس تبدیلی کو خوشی سے سراہا اور مختلف علاقوں میں بارش کے مناظر سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
ہفتہ کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ دیر بعد تیز بارش میں تبدیل ہو گیا۔ آئی آئی چندریگر روڈ، ملیر، شاہراہِ فیصل، صفورہ گوٹھ، قیوم آباد، گلشنِ اقبال، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی اور اولڈ سٹی ایریا سمیت کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا یہ بسیرا آج بھی جاری رہے گا، اور 29 جون تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہر کے موسم پر مغربی ہواؤں کا اثر نمایاں ہے، اور دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم گرمی کی شدت 35 ڈگری کے قریب محسوس کی جا رہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر میں شمال مشرقی سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
موسم کی یہ تبدیلی شہریوں کے لیے ایک خوشگوار وقفہ ثابت ہو رہی ہے، خاص طور پر شدید گرمی کے بعد ٹھنڈی ہوائیں اور بادلوں کا نظارہ کراچی والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں