0

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی نئی بلندیاں، ہنڈرڈ انڈیکس نے 1 لاکھ 21 ہزار کی حد عبور کر لی

کراچی (نیا محاذ) — پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ رقم کر دی، ہنڈرڈ انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ 21 ہزار پوائنٹس کی حد کو عبور کر لیا۔ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مثبت معاشی اشاریوں نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ کا آغاز ہی مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جس کے بعد تیزی کا سلسلہ جاری رہا۔ ابتدائی گھنٹوں میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور انڈیکس 121,104 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، جب انڈیکس 1,573 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 120,450 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اس سے قبل پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس کا سابقہ بلند ترین ریکارڈ 120,796 پوائنٹس تھا، جو اب ٹوٹ چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ملکی معیشت میں استحکام، مالیاتی پالیسیوں میں تسلسل اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اسٹاک مارکیٹ کی اس غیر معمولی کارکردگی کی بڑی وجوہات ہیں۔ اگر یہی رجحان جاری رہا تو مستقبل قریب میں مزید ریکارڈ ٹوٹنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں