0

مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمینِ حج منیٰ کی جانب روانہ

مکہ مکرمہ (نیا محاذ) — مناسکِ حج کا باضابطہ آغاز آج سے ہو رہا ہے، دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان حجاج کرام ظہر سے قبل منیٰ پہنچنے کی تیاری میں مصروف ہیں، جہاں وہ عبادات میں مشغول رہیں گے۔
عازمینِ حج آج صبح اپنی رہائش گاہوں سے احرام باندھ کر دو رکعت نفل ادا کرنے کے بعد منیٰ کے سفر پر روانہ ہوں گے۔ منیٰ میں قیام کے دوران ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کی جائیں گی اور وہاں جمعرات کی صبح تک قیام ہوگا۔
9 ذوالحجہ کو حجاج میدانِ عرفات روانہ ہوں گے، جہاں حج کا رکنِ اعظم ’وقوفِ عرفہ‘ ادا کیا جائے گا۔ یہاں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں قصر ادا کی جائیں گی، جس کے بعد سورج غروب ہونے تک عرفات میں قیام کیا جائے گا۔
مغرب کی اذان کے بعد بغیر نماز پڑھے قافلے مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جائیں گی۔ مزدلفہ میں حجاج کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔
10 ذوالحجہ کو وقوفِ مزدلفہ کے بعد حجاج بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اور پھر حلق یا قصر کے بعد احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد 11 ذوالحجہ کو تینوں (چھوٹے، درمیانے اور بڑے) شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔
رمی کے بعد حجاج طوافِ زیارت کے لیے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، پھر صفا اور مروہ کے درمیان سعی مکمل کی جائے گی۔ 12 ذوالحجہ کو زوال کے بعد دوبارہ رمی کی جائے گی اور اگر کوئی حاجی 13 ذوالحجہ تک منیٰ میں قیام کرتا ہے تو اس دن بھی رمی جمرات کے بعد واپسی ہوگی۔
یہ عظیم سفرِ عبادت دنیا بھر کے مسلمانوں کے روحانی اتحاد اور اخوت کی علامت ہے، جہاں ہر زبان، نسل اور ملک سے آئے افراد ایک ہی لباس اور ایک ہی نیت کے ساتھ رب کے حضور سر جھکاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں