اسلام آباد ( نیا محاذ) دفتر خارجہ نے بھارت کی حالیہ قیادت کی جانب سے دیے گئے اشتعال انگیز بیانات کو خطرناک اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کی زبان دشمنی کو فروغ دے رہی ہے اور خطے کے امن کو متاثر کر رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرا کر حقیقت سے نظریں چرا رہا ہے، حالانکہ عالمی برادری بخوبی جانتی ہے کہ خود بھارت دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے دہشت گردانہ عزائم اور چالاکیوں سے حقائق نہیں چھپا سکتی۔
مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر امن ممکن نہیں
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے پائیدار امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اور اسے نظرانداز کرنا جنوبی ایشیا کو خطرناک تصادم کی طرف لے جا سکتا ہے۔ پاکستان اس مسئلے کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل کا حامی ہے۔
بھارتی دھمکیاں بے سود، پاکستان دفاع کے لیے پرعزم
ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت جھوٹے بیانیے اور دھمکیوں سے پاکستان کو مرعوب نہیں کر سکتا۔ پاکستان امن، برداشت اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے لیکن اگر ضرورت پڑی تو اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب بھارت سنجیدگی دکھائے، کشیدگی پھیلانے کی بجائے مسائل کے اصل اسباب کو حل کرے۔
