0

بنگلا دیشی کرنسی سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی، نئے نوٹ جاری | نیا محاذ

ڈھاکہ (ویب ڈیسک / نیا محاذ) بنگلا دیش میں کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بانیِ قوم شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی ہے اور ان کی جگہ قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات پر مشتمل ڈیزائن شامل کیے گئے ہیں۔
بنگلا دیشی بینک کے ترجمان کے مطابق نئے نوٹوں میں 20، 50 اور 1000 ٹکا مالیت کے نوٹ شامل ہیں جن پر اب کسی انسان کی تصویر نہیں بلکہ قومی ورثے کو اجاگر کرنے والی تصاویر موجود ہیں۔ یہ فیصلہ ایک مرحلہ وار منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت باقی مالیت کے نوٹ بھی وقتاً فوقتاً جاری کیے جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پرانے نوٹ اور سکے بدستور زیرِ گردش رہیں گے اور عوام دونوں ڈیزائن استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بنگلا دیش میں یہ پہلا موقع نہیں جب کرنسی ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کی گئی ہو۔
تاریخ کا پس منظر
جب مشرقی پاکستان سے علیحدگی کے بعد بنگلا دیش کی بنیاد رکھی گئی تو ابتدائی کرنسی نوٹوں پر ملک کا نقشہ دکھایا گیا۔ بعد ازاں، شیخ مجیب الرحمان اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے دورِ اقتدار میں کرنسی پر ان کی تصویر چھاپی گئی۔ بعد میں جب بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) اقتدار میں آئی تو کرنسی نوٹوں پر تاریخی و ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے ڈیزائن متعارف کروائے گئے۔
سیاسی پس منظر
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شیخ حسینہ واجد کی حکومت کو شدید عوامی مخالفت کا سامنا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے سال 5 اگست کو پرتشدد مظاہروں کے بعد، جن میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے، وزیراعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے کر بھارت میں پناہ لے لی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں