0

اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی: جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے چار بھائی گرفتار | نیا محاذ

اسلام آباد (نیا محاذ ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اہم کارروائی کے دوران جعلی ریزیڈنٹ کارڈ کے ذریعے لتھوانیا جانے کی کوشش کرنے والے چار بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق، گرفتار ہونے والے مسافروں میں ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل اور محمد علی شامل ہیں۔ یہ چاروں آپس میں بھائی ہیں اور ان کا تعلق جہلم سے بتایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق، ان افراد نے امیگریشن کلیئرنس کے دوران جو اقامتی کارڈ پیش کیے وہ جعلی نکلے۔
مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان افراد نے سوشل میڈیا پر ایجنٹ کے اشتہار کے ذریعے رابطہ کیا اور اس سے جعلی کاغذات تیار کروائے تھے تاکہ یورپ میں ملازمت حاصل کر سکیں۔
ایف آئی اے نے ملازمت کی تلاش میں بیرون ملک جانے کے خواہشمند شہریوں کو ایجنٹس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو جعلی ویزے اور دستاویزات کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم لوٹی جا رہی ہیں۔
ایف آئی اے نے چاروں مسافروں کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے جبکہ ان ایجنٹس کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے جو اس غیر قانونی کام میں ملوث ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں