نیویارک (نیا محاذ) اقوامِ متحدہ نے اسرائیلی محاصرے کے شکار غزہ کو زمین پر ’’سب سے بھوکا ترین قطعہ اراضی‘‘ قرار دے دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (اوچا) کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں انسانی امداد کے صرف معمولی حصے کو داخلے کی اجازت دی، جبکہ تیار شدہ کھانے سمیت بنیادی ضروریات دستیاب نہیں۔
اوچا کے ترجمان جینس لایرکے نے بتایا کہ 900 میں سے صرف 600 ٹرکوں کو اسرائیلی سرحد تک جانے دیا گیا، تاہم سکیورٹی اور افسر شاہی رکاوٹوں کی وجہ سے امداد کا محفوظ طریقے سے اندر پہنچنا ممکن نہ ہو سکا۔ اُن کا کہنا تھا کہ “ہم صرف آٹا پہنچانے میں کامیاب ہوئے ہیں، مگر یہ کھانے کے لیے تیار نہیں، اور غزہ کی پوری 100 فیصد آبادی کو قحط کا سامنا ہے۔”
عالمی ریڈ کراس و ہلال احمر کی تنظیم کے ترجمان ٹوماسو ڈیلا لونگا نے بھی خبردار کیا کہ ایندھن اور طبی آلات کی شدید کمی کی وجہ سے غزہ میں نصف طبی سہولیات کام نہیں کر رہیں۔
