واشنگٹن (نیا محاذ) حال ہی میں ویتنام کے دورے پر پیش آئے ایک دلچسپ واقعے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو شادی سے متعلق مزاحیہ مشورہ دے دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرانسیسی صدر میکرون اپنے طیارے سے ویتنام میں اتر رہے تھے۔ جیسے ہی جہاز کا دروازہ کھلا، کیمرے نے وہ لمحہ محفوظ کیا جس میں بظاہر ان کی اہلیہ کا ہاتھ صدر کے چہرے سے ٹکرا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ خاتون اول نے صدر میکرون کو تھپڑ رسید کر دیا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا کہ طیارے سے اترتے ہوئے جب صدر میکرون نے اپنی اہلیہ کی طرف بازو بڑھایا تو انہوں نے بازو تھامنے سے گریز کیا۔ یہ تمام مناظر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئے اور موضوع بحث بن گئے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، جب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس واقعے پر تبصرہ کرنے اور صدر میکرون کو شادی سے متعلق مشورہ دینے کی درخواست کی گئی تو وہ ہنس پڑے اور کہا: “ایسے موقع پر دروازہ بند رکھنا یقینی بنائیں!”
انہوں نے مزید کہا کہ “میں نے ان سے بات کی ہے، وہ دونوں خیریت سے ہیں۔ صدر میکرون اور ان کی اہلیہ نہایت خوش اخلاق اور شائستہ شخصیات ہیں، میں انہیں ذاتی طور پر جانتا ہوں۔ مجھے علم نہیں کہ میڈیا اس واقعے کو کیوں بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے۔”
دوسری جانب، فرانسیسی صدر میکرون نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وضاحت کی کہ ان کا اپنی اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں مذاق چل رہا تھا، اور اس واقعے کو میڈیا نے بلاوجہ سنسنی خیز انداز میں پیش کیا ہے۔
