0

ہارورڈ یونیورسٹی کو بڑی کامیابی، غیر ملکی طلبا پر ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی معطل

واشنگٹن (نیا محاذ) امریکی عدالت نے ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبا کے داخلے پر عائد ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی کو روک دیا، عدالت کا فیصلہ یونیورسٹی کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
فیڈرل جج نے ابتدائی حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی کے حق میں فیصلہ سنایا اور کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی پابندی فی الحال نافذ نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے عدالت نے اسی فیصلے کے خلاف ایک عارضی حکم امتناع جاری کیا تھا، جسے اب توسیع دی گئی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے حال ہی میں ہارورڈ یونیورسٹی کو غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ اس اقدام کے تحت یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ اور وزیٹر ایکسچینج پروگرام کی سرٹیفیکیشن ختم کر دی گئی تھی، جس کا مطلب تھا کہ نہ صرف نئے طلبا کو داخلہ نہیں مل سکتا تھا بلکہ زیر تعلیم غیر ملکی طلبا کو بھی دوسرے اداروں میں منتقل ہونا پڑتا۔
اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی نے اسے غیر قانونی اور تعلیمی اداروں کی خودمختاری پر حملہ قرار دیا۔ یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی معیار کو متاثر کرے گا بلکہ امریکا کے عالمی تعلیمی مقام کو بھی نقصان پہنچائے گا۔
اب عدالت کے فیصلے کے بعد ہارورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہزاروں غیر ملکی طلبا نے سکون کا سانس لیا ہے اور تعلیمی سرگرمیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھ سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں