0

شکیرا کی مانٹریال میں پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر پھسلنے کے باوجود شاندار کم بیک، مداحوں کا خراج تحسین

اوٹاوا (نیا محاذ) عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ اور نغمہ نگار شکیرا دورانِ پرفارمنس کینیڈا کے شہر مانٹریال میں اسٹیج پر پھسل کر گر گئیں، تاہم فوراً خود کو سنبھالتے ہوئے انہوں نے پرفارمنس جاری رکھی، جس پر مداحوں نے ان کے پروفیشنل ازم کو خوب سراہا۔
یہ واقعہ 20 مئی کو پیش آیا، جب شکیرا اپنی عالمی ٹور “لاس موجیرس یا نو لوران” کے دوران کیوبیک کے دارالحکومت مانٹریال کے معروف بیل سینٹر میں شاندار پرفارمنس دے رہی تھیں۔ اچانک ایک لمحے کے لیے وہ اسٹیج پر سلپ ہو گئیں، لیکن فوری مسکراہٹ کے ساتھ کھڑی ہو کر اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔
شکیرا کے اس جرات مندانہ رویے پر نہ صرف ہال میں موجود حاضرین نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے رویے کو بے حد سراہا گیا۔ صارفین نے انہیں “سچّی فنکارہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر حال میں اپنے فن کو فوقیت دیتی ہیں۔
یاد رہے کہ فروری میں شکیرا کو صحت کے مسائل کا سامنا رہا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے لیما، پیرو میں شیڈول شو ملتوی کر دیا تھا۔ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا تھا کہ پیٹ کی شدید تکلیف کے باعث انہیں ایمرجنسی علاج کروانا پڑا تھا اور وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں