لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے۔ کپتان آغا سلمان نے 34 گیندوں پر شاندار 56 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ نوجوان بلے باز حسن نواز نے 22 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 44 رنز بنائے، جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48 رنز جوڑے، جبکہ محمد حارث نے 31 رنز بنائے۔ فخر زمان اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جب کہ فہیم اشرف 11 اور حسن علی ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مہدی حسن، حسن محمود، تنظیم حسن ثاقب، راشد حسین اور شمیم حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 164 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان لٹن داس 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ذاکر علی نے 36 اور تنزید حسین نے 31 رنز بنائے۔ باقی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم آخری اوور میں پویلین واپس لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ میچ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظہر تھا۔
ذرائع: نیا محاذ
