لاہور: پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی فنی زندگی کے ایک فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلم کملی میں کام نہ کرنے کا پچھتاوا ہے۔
اداکارہ نے یہ بات حال ہی میں معروف اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے پوڈکاسٹ میں اپنی نجی زندگی، والدین، دوسری شادی اور شوبز کیریئر پر کھل کر بات کی۔
ماہرہ خان نے میزبان کے مختلف سوالات کے مختصر اور دل چسپ جوابات دیے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اگر انہیں کبھی کسی مشکل کا سامنا ہوا تو وہ سب سے پہلے اداکار بلال اشرف سے رابطہ کریں گی، کیونکہ وہ ان کے قریبی دوستوں میں شامل ہیں۔
بات چیت کے دوران جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ ایسا کون سا کردار ہے جسے نہ کہنے کا آج افسوس ہے، تو ماہرہ نے جواب دیا کہ “مجھے فلم کملی کو ناں کہنا نہیں چاہیے تھا، اس فلم میں صبا قمر نے شاندار اداکاری کی، لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ کردار میں بھی بخوبی نبھا سکتی تھی۔”
ماہرہ نے مزید کہا کہ وہ ماضی میں کیے گئے فیصلوں پر زیادہ غور نہیں کرتیں اور زندگی میں آگے بڑھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ پچھتاوے میں جینے والی نہیں بلکہ سیکھنے والی شخصیت ہیں۔
ذرائع: نیا محاذ
