غزہ: اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ غزہ میں بدستور جاری ہے، جہاں تازہ فضائی حملوں میں 9 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔ صیہونی فوج کے مسلسل حملوں نے نہ صرف انسانی جانوں کو نشانہ بنایا بلکہ امدادی رسائی کو بھی محدود کر دیا ہے۔
غزہ میں جاری قحط اور خوراک کی شدید کمی نے انسانی المیے کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایک امریکی ڈاکٹر نے بریفنگ کے دوران انکشاف کیا کہ پچھلے دو روز میں 10 فلسطینی خوراک کی قلت کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ میں فاقہ کشی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ بچے جان کنی کے عالم میں سوال کرتے ہیں کہ وہ اپنے والدین یا خاندان کے ساتھ کیوں نہیں مر رہے، یہ صورتحال نہ صرف انسانی ہمدردی بلکہ عالمی ضمیر کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے خبر دی ہے کہ اسرائیل نے لبنان کے ساتھ سرحد پر مزید فوجی تعینات کر دیے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع: نیا محاذ
