اسلام آباد (نیا محاذ)
ملک بھر کے 18 کروڑ سے زائد صارفین کی حساس معلومات، پاسورڈز اور اکاؤنٹس کا ڈیٹا لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (PakCERT) نےایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں صارفین متاثر ہو چکے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق اس عالمی ڈیٹا لیک کا نشانہ گوگل، فیس بک، ایپل، انسٹاگرام، سنیپ چیٹ سمیت کئی بڑی بین الاقوامی اور ملکی کمپنیاں بنی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ حکومتی ویب پورٹلز، مالیاتی ادارے اور حساس ادارے بھی خطرے کی زد میں آ چکے ہیں۔
ڈیٹا چوری کرنے کے لیے انفوسٹیلر میلویئر کا استعمال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کی معلومات چرا کر انہیں ڈیٹا بیس میں محفوظ کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس لیک کے نتیجے میں شناخت کی چوری، اکاؤنٹس ہیک ہونے اور رینسم ویئر حملوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایڈوائزری میں پاکستانی صارفین کو فوری طور پر درج ذیل اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے:
اپنے تمام اکاؤنٹس کے پاسورڈز فوراً تبدیل کریں
دو مرحلہ جاتی توثیق (Two-Factor Authentication) فعال کریں
پاسورڈز کو ای میل یا غیر محفوظ فائلز میں محفوظ نہ کریں
پاسورڈ مینیجر کا استعمال کریں
سیکیورٹی سافٹ ویئر اور اینٹی وائرس کو اپ ڈیٹ رکھیں
مشکوک لاگ ان سرگرمیوں پر نظر رکھیں
حکام کا کہنا ہے کہ اگر فوری حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کا قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر شدید متاثر ہو سکتا ہے۔ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ صارفین کو آگاہ کرنے اور ڈیٹا کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
