0

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 700 پوائنٹس سے زائد کی کمی

کراچی (نیا محاذ)
کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر کے روز کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور ابتدائی لمحات میں 100 انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم کچھ دیر بعد مارکیٹ میں قدرے بہتری آئی اور انڈیکس 188 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 119,290 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ بہتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں دوبارہ مندی چھا گئی۔ اس بار انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد مارکیٹ ایک بار پھر 119,000 پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 119,102 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا تھا، مگر نئی ہفتے کی شروعات نے سرمایہ کاروں کو مایوس کر دیا۔
ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی تھوڑی سی تبدیلی دیکھی گئی۔ انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 7 پیسے کم ہو کر 281.97 روپے سے 281.90 روپے پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق غیر یقینی معاشی حالات، سیاسی بے یقینی اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا باعث بن رہے ہیں، جب کہ ڈالر کی قدر میں معمولی کمی درآمد کنندگان کے لیے وقتی ریلیف ثابت ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں