پشاور: (نیا محاذ) ڈپٹی کمشنر پشاور نے ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں آئندہ 60 دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ اقدام فضائی حدود میں پرندوں اور دیگر اشیاء سے طیاروں کو لاحق خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہوائی فائرنگ، ڈرون، کبوتر اور پتنگ اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دکانوں یا اشتہارات میں ہائی بیم لیزر لائٹس کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے، تاکہ ہوائی جہازوں کی پروازوں میں خلل نہ آئے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد فلائٹ سیفٹی کو یقینی بنانا اور جہازوں سے پرندوں کے ٹکراؤ جیسے خطرناک واقعات سے بچاؤ ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فضائی حادثات سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ان احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
