اسلام آباد: (نیا محاذ) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والی 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے دوران سکیورٹی کی مکمل ذمہ داری پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو سونپنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر وفاقی وزارت داخلہ نے اس فیصلے کی باضابطہ منظوری جاری کر دی ہے۔
یہ اہم سیریز 28 مئی سے یکم جون تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ 28 مئی، دوسرا 30 مئی اور تیسرا یکم جون کو شیڈول کیا گیا ہے۔
بنگلا دیش کی ٹیم 25 مئی کو لاہور پہنچے گی اور 26 و 27 مئی کو ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی۔ سکیورٹی پلان کے تحت اسٹیڈیم، ہوٹل اور روٹس پر فوجی اور نیم فوجی دستے تعینات کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیریز کے انعقاد سے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور پاکستان کی مثبت عالمی ساکھ کو فروغ ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔
