اوکاڑہ: (نیا محاذ) پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ اور اس کے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک حادثہ ملتان روڈ پر پنجاب کالج کے سامنے اس وقت پیش آیا جب والد اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد ندیم اور ان کے تین بچوں 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ المناک حادثہ ٹر یلر ڈرائیور کی غفلت، لاپروائی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے ٹر یلر کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے پر اہل علاقہ اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔
