اسلام آباد: (نیا محاذ) وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے میٹرو بس کا سفر اب مہنگا ہو گیا ہے، کیونکہ 26 مئی 2025 سے نئی کرایہ پالیسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت تمام میٹرو روٹس پر فی سفر کرایہ 100 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ کرایہ اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ اس سے قبل ان روٹس پر کرایہ 50 سے 90 روپے کے درمیان تھا، تاہم اب تمام روٹس پر یکساں کرایہ پالیسی اپنائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہو چکا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ کرائے میں اضافے سے نہ صرف سروس کی بہتری ممکن ہو سکے گی بلکہ اس نظام کو پائیدار بھی بنایا جا سکے گا۔
دوسری جانب شہریوں نے اس فیصلے پر مخلوط ردعمل دیا ہے۔ بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ 100 روپے فی سفر کم آمدنی والے افراد کے لیے بوجھ بنے گا، جبکہ دیگر نے اسے بہتر سروس کی فراہمی کے لیے ضروری قدم قرار دیا ہے۔
حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرایے میں اضافے کے ساتھ ساتھ سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
