کراچی: (نیا محاذ) شہر قائد کے علاقے گلشن معمار میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 30 سالہ خاتون اقصیٰ جاں بحق ہو گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزم اسماعیل چنا کو حراست میں لے لیا ہے۔
ابتدائی بیان میں خاتون کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ لائسنس یافتہ پستول کی صفائی کے دوران اتفاقیہ گولی چل گئی جس سے اقصیٰ شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہو گئی۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صرف حادثہ ہے یا قتل کا معاملہ، اس کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ واقعے کی تفتیش مختلف زاویوں سے کی جا رہی ہے اور جلد حقائق سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
