0

خضدار میں سکول بس پر دھماکہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید، بھارت پر حملے کا الزام

خضدار: (نیا محاذ) بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سکول بس کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید اور 38 بچے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ بھارت میں موجود دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی سے کروایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پراکسیز نے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناونی کوشش کی۔ فوجی ترجمان نے بھارت کی سیاسی قیادت کو دہشتگردی کے فروغ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی درندگی کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بھارت کی تعلیم دشمنی کی عکاسی کرتا ہے، اور اس میں ملوث عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے زخمی بچوں کو فوری اور ترجیحی طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی مذمت کی اور کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ کر کے دشمن نے بربریت کی انتہا کر دی، لیکن پوری قوم متحد ہو کر ایسی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کو غمزدہ کر گیا ہے۔ قوم ایک بار پھر دہشتگردی کے خلاف متحد اور پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں