0

جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار قیادت کا اعتراف

اسلام آباد: (نیا محاذ) حکومت پاکستان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو آپریشن بنیان مرصوص میں جرأت مندانہ اور مثالی قیادت پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔ اس فیصلے کی منظوری وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی، جبکہ وزارتِ دفاع نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق حالیہ دنوں پاکستان نے 6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، دشمن کی جانب سے پاکستان کی سرحدی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔
جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے نہ صرف ملک کی سرزمین کا دفاع یقینی بنایا بلکہ قوم کے حوصلے کو بھی بلند رکھا۔ ان کی شاندار عسکری حکمت عملی، جرأت اور بہادری کے اعتراف میں وزیراعظم کی تجویز پر وفاقی کابینہ نے انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے اس فیصلے سے آگاہ کیا، جبکہ پوری قوم کو کامیاب دفاعی کارروائی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
دوسری جانب حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، جن کی قیادت میں پاک فضائیہ نے بھارت کی جارحیت کے خلاف کامیاب آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید برآں، وفاقی کابینہ نے آپریشن بنیان مرصوص میں حصہ لینے والے افواج پاکستان کے افسران، جوانوں، شہداء، غازیوں اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمایاں افراد کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں