کارمل بائی دی سی – (نیا محاذ) امریکی ریاست کی مشہور سیاحتی جگہ کارمل بائی دی سی میں اگر آپ کو دو انچ سے زیادہ اونچی ایڑی کے جوتے یا سینڈل پہننے کا شوق ہے، تو یاد رکھیں کہ وہاں سرکاری اجازت نامہ لینا قانونی طور پر لازم ہے۔
یہ بات بظاہر ایک دلچسپ روایت لگتی ہے، مگر حقیقت میں یہ قانون 1963ء میں نافذ کیا گیا تھا۔ قانون کے مطابق، اگر کسی جوتے کی ایڑی کی اونچائی دو انچ سے زیادہ اور اس کی بیئرنگ سطح ایک مربع انچ سے کم ہو، تو اسے عوامی مقامات پر پہنے کے لیے باقاعدہ پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اجازت نامہ بالکل مفت جاری کیا جاتا ہے اور اکثر سیاح صرف اسے یادگار یا تحفہ کے طور پر حاصل کرتے ہیں۔ سٹی ہال میں موجود کلرک کی جانب سے جاری کردہ اس سرٹیفکیٹ پر درخواست دہندہ کا نام اور ایک آفیشل دستخط ہوتا ہے۔
یہ قانون دراصل اس لیے متعارف کرایا گیا تھا تاکہ سیاح یا شہری اونچی ہیلز کی وجہ سے غیر ہموار سڑکوں پر گرنے یا زخمی ہونے سے بچ سکیں، کیونکہ کارمل بائی دی سی کی گلیاں اور فٹ پاتھ عمومی طور پر پتھریلے اور ناہموار ہیں۔
