0

اقوام متحدہ میں پاکستان کا اظہار تشویش: بھارت خطرناک بحری عزائم رکھتا ہے، عاصم افتخار

نیویارک: (نیا محاذ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت کی بحری توسیع پسندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطرناک اور جارحانہ بحری تیاریوں میں مصروف ہے۔
اپنے خطاب میں عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں غیر محدود علاقائی بالادستی کے خواب دیکھ رہا ہے، اور بحری غلبے کے ذریعے اہم آبی راستوں پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے، جو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ پالیسی نہ صرف علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ پڑوسی ممالک کو انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن جیسے بحری سلامتی کے ڈھانچوں سے باہر نکالنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے، جو تعاون کی روح کے منافی ہے۔
عاصم افتخار احمد نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بھارت نہروں اور دریاؤں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جو بین الاقوامی آبی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اس جارحانہ رویے پر عالمی برادری کی توجہ چاہتا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ پائیدار علاقائی امن کے لیے ضروری ہے کہ ہر ملک بین الاقوامی قوانین اور ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری کرے۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا عالمی سلامتی کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں