0

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا دو ٹوک پیغام: پاکستان جھکا ہے نہ جھکے گا، امن اور ترقی اولین ترجیح

راولپنڈی: (نیا محاذ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک خصوصی انٹرویو میں قوم کے جذبے، قومی وقار اور علاقائی امن کے حوالے سے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ پہلے جھکا ہے، نہ اب جھکے گا۔ اُن کے مطابق، شہادت کی آرزو ہمارے لیے زندگی سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے چائنہ میڈیا گروپ کو دیے گئے انٹرویو میں بھارت کے ساتھ موجودہ تناؤ، پاک چین تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی اور حقیقت پر مبنی گفتگو کی۔ انہوں نے ہر سوال کا مدلل جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام کے لیے کوشاں رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دنیا بھر کی بڑی طاقتیں مختلف چیلنجز سے گزر رہی ہیں، لیکن وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جن کا وژن وسیع ہوتا ہے۔ پاکستان اور چین کی شراکت داری بھی اسی وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام لانا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چاہے فوجی کسی بھی وردی میں ہو، شہادت ہمارے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ ہم باوقار، باہمت اور قربانی دینے والے لوگ ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے چین کی تیزی سے ترقی کو قابلِ تقلید قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ہمارا وطن ترقی کرے اور دنیا میں ایک مثبت مثال بنے۔ اُن کے مطابق، دہشتگردی وہ ناسور ہے جو ترقی کے راستے میں رکاوٹ بنتا ہے، اور پاکستان اس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آج پاکستان کی سڑکوں پر نظر دوڑائیں تو وہاں لوگ جنگ کی فتح نہیں بلکہ امن کی خوشی مناتے نظر آتے ہیں۔ پاکستانی عوام میں انسانیت، شکرگزاری اور ترقی کا جذبہ نمایاں ہے، اور ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں امن کا ماحول نصیب ہو رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اُمید ظاہر کی کہ انشاء اللہ پاکستان مستقبل میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں