0

سوڈان میں آندھی کے ساتھ آموں کی بارش، بازار بند، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

خرطوم: (نیا محاذ) سوڈان کی ریاست نیل ازرق کے شہر قیسان میں ایک منفرد اور دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تیز آندھی کے باعث آموں کی برسات شروع ہو گئی، جس سے بازار کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اچانک ایک طوفان شہر پر چھا گیا، مگر روایت کے برعکس اس طوفان نے گرد و غبار کے بجائے درختوں سے آم توڑ کر زمین پر برسا دیے۔ آم اتنی مقدار میں گرے کہ انہوں نے بازار، گاڑیوں اور راہگیروں کو ڈھانپ لیا۔ خریدار اور تاجر آموں کی اس بارش پر حیران و خوش نظر آئے اور اس غیر معمولی منظر کو “مالِ غنیمت” قرار دیتے ہوئے خوشی منانے لگے۔
اس منفرد واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر بجلی کی طرح سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ کسی نے کہا کہ “قیسان میں آم بغیر کسی محنت کے آپ تک پہنچ جاتے ہیں”، تو کسی نے اسے “آسمان سے مفت فصل” قرار دیا۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ “آم انتظار کرتے کرتے تھک گئے تھے، خود گرنے کا فیصلہ کر لیا۔”
اگرچہ اس واقعے میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا، تاہم حکام نے حفاظتی اقدامات کے طور پر بازار کو وقتی طور پر بند کر دیا۔ اس واقعے نے ایک بار پھر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بنیادی ڈھانچے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
یاد رہے کہ ریاست نیل ازرق آم کی پیداوار کے لحاظ سے پوری عرب دنیا میں دوسرے نمبر پر آتی ہے، جہاں سالانہ تقریباً ایک ملین ٹن آم پیدا ہوتے ہیں اور یہاں آم کی 36 اقسام پائی جاتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں