0

پاک چین دفاعی تعاون نے جنگی برتری ثابت کر دی، عالمی میڈیا کا اعتراف

اسلام آباد: (نیا محاذ) پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون صرف کاغذی معاہدوں تک محدود نہیں رہا بلکہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران اس کا عملی مظاہرہ واضح طور پر دیکھا گیا، جہاں چینی ساختہ ہتھیاروں نے پاکستان کو جنگی میدان میں نمایاں برتری دلائی۔
عالمی میڈیا کے مطابق چین سے حاصل کردہ J-10C لڑاکا طیارے اور PL-15 میزائلز نے بھارتی فضائیہ کے کئی طیاروں کو نشانہ بنا کر عملی میدان میں اپنی کارکردگی ثابت کی۔ برطانیہ، فرانس اور امریکہ کے معروف میڈیا اداروں نے اس پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دفاعی میدان میں چینی ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کر کے دشمن کی منصوبہ بندی کو ناکام بنایا۔
برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے رپورٹ کیا کہ چین کے ہتھیاروں نے پاکستان کے ہاتھوں اپنی پہلی بڑی جنگی آزمائش کامیابی سے مکمل کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی جدید عسکری حکمت عملی نے بھارت کی اربوں ڈالر مالیت کی دفاعی تیاریوں کو بے اثر کر دیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان نے چین سے حاصل کردہ ایئر ڈیفنس سسٹمز، ڈرونز اور ہائپر سونک میزائلز کے ذریعے تکنیکی لحاظ سے واضح برتری حاصل کی ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے، جو پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سے تیار کیے گئے ہیں، دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کے باعث پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔
عسکری ماہرین اس پیش رفت کو پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کا عملی مظہر قرار دے رہے ہیں، جس نے جنوبی ایشیا میں عسکری توازن کو ایک نئی سمت دے دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں