لاہور: (نیا محاذ) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات سے قتل کے مقدمات میں مطلوب تین انتہائی خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں آفتاب افضل، ارمان گورائیہ اور محمد امین شامل ہیں۔ یہ ملزمان گوجرانوالہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو سنگین نوعیت کے قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے۔
گرفتاری سپیشل آپریشنز سیل کی جانب سے انٹرپول کی مدد سے عمل میں آئی، جس میں ملزموں کی تلاش اور ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کروائے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سی سی ڈی کو ان خطرناک اشتہاری ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات پولیس سے قریبی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے نتیجے میں کم وقت میں تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
سی سی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، تاکہ معاشرے کو ان عناصر سے پاک کیا جا سکے۔
