کراچی: (نیا محاذ) کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار آغاز دیکھنے کو ملا، جہاں مارکیٹ نے مثبت رجحان کے ساتھ کاروبار کا آغاز کیا۔
پیر کے روز ٹریڈنگ کے دوران 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 120,285 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے جو گزشتہ ہفتے کے منفی رجحان کے بعد ایک خوش آئند پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس 312 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 119,649 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر ایک مرتبہ پھر مارکیٹ نے مثبت رفتار پکڑ لی ہے۔
ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی اچھی خبر آئی، انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ ڈالر 6 پیسے سستا ہو کر 281.60 روپے پر آ گیا، جو گزشتہ بند قیمت 281.66 روپے سے کم ہے۔
کاروباری برادری اور سرمایہ کار اس استحکام کو معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دے رہے ہیں۔
