0

چیٹ جی پی ٹی آپ کی پوری زندگی یاد رکھے گا: سام آلٹمین کا بڑا دعویٰ

کیلی فورنیا: (نیا محاذ) اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں حیران کن پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی مستقبل میں انسانوں کی پوری زندگی کو یاد رکھنے کے قابل ہو جائے گا۔ ان کے بقول، ایک چھوٹا سا ماڈل انسان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے متعلق ایک حالیہ ایونٹ میں بات کرتے ہوئے سام آلٹمین نے کہا کہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ آپ کی تمام گفتگو، پڑھی گئی کتابیں، ای میلز، ویڈیوز، اور دیگر معلومات کو ذہن میں محفوظ رکھ سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ذرائع سے حاصل شدہ ڈیٹا کو بھی یکجا کر کے بہتر رہنمائی فراہم کرے گا۔
سام آلٹمین نے مزید بتایا کہ کالج کے طلباء چیٹ جی پی ٹی کو اب ایک آپریٹنگ سسٹم کی طرح استعمال کرتے ہیں، فائلیں اپ لوڈ کرتے ہیں، ڈیٹا کے سورسز سے منسلک کرتے ہیں اور پیچیدہ پروموٹس کے ذریعے نتائج حاصل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں “میموری” فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کی سابقہ چیٹس اور ترجیحات کو یاد رکھ کر ذاتی نوعیت کی تجاویز دیتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل اب اپنی زندگی کے بڑے فیصلے چیٹ جی پی ٹی سے مشورہ کیے بغیر نہیں لیتی، جبکہ بڑی عمر کے افراد اسے گوگل کے متبادل اور ذاتی مشیر کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
سام آلٹمین کے مطابق اگرچہ یہ واضح نہیں کہ یہ وژن کب مکمل ہو گا، مگر چیٹ جی پی ٹی کا مستقبل انسانی زندگی کے ہر پہلو سے منسلک نظر آتا ہے، جو اے آئی کی دنیا میں ایک انقلابی قدم ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں