0

بھارت نے پاکستان کی حمایت پر ترکیہ سے تجارتی و تعلیمی روابط معطل کر دیے

نئی دہلی: (نیا محاذ) جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر ترکیہ کے ساتھ تجارتی اور تعلیمی روابط معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کے مؤقف سے ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت ان تمام ممالک کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کرتا ہے جو اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سوال اٹھاتے ہیں۔ ان کے مطابق ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت نے بھارت کو مجبور کیا کہ وہ اپنے سفارتی و تجارتی مفادات کا ازسرنو جائزہ لے۔
اس سے قبل بھارت نے دہلی ائیرپورٹ پر کام کرنے والی ترک کمپنی “سیلیبی” کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی تھی، جبکہ بھارت میں ترکیہ کے سیب کا بائیکاٹ بھی زوروں پر ہے۔
ادھر سیلیبی کمپنی نے بھارتی حکومت کے اس فیصلے کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ اپنی درخواست میں کمپنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بغیر کسی واضح ثبوت یا وجہ کے سیکیورٹی کلیئرنس کی منسوخی غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ محض زبانی بنیادوں پر قومی سلامتی کے خطرات کا دعویٰ کر کے اسے کاروبار سے روکنا قابلِ قبول نہیں۔
یہ تمام اقدامات پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ترکیہ کی واضح اور غیر مشروط حمایت پر بھارت کی جانب سے سخت ردعمل کا مظہر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں