نیامحاذ:نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے ایک بار پھر بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جائز جدوجہدِ آزادی کو طاقت کے ذریعے دبانا چاہتا ہے۔
عاصم افتخار نے بتایا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں 2000 سے زائد کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں ہزاروں نامعلوم اور بے شناخت قبریں دریافت ہو چکی ہیں، جو بھارتی فوج کے مظالم کی خاموش گواہ ہیں۔
پاکستانی مندوب نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیری شہریوں کو اغوا کر کے پہلے تشدد کا نشانہ بناتی ہیں، اور بعد ازاں بغیر کسی قانونی کارروائی کے قتل کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بھارتی افواج انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
عاصم افتخار نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر کشمیری نوجوانوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کیا تاکہ ان کی آواز دبائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک سنگین بحران بن چکے ہیں، جس کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
