0

ٹک ٹاک کا نیا فیچر: تصاویر کو اے آئی ویڈیوز میں بدلنے کی سہولت پیش

کیلیفورنیا (نیا محاذ):
ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کے لیے ایک انقلابی فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کی بدولت اب عام تصاویر اور سیلفیز کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے خودکار ویڈیوز میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نیا فیچر “AI Alive” کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے، جو فی الحال صرف ٹک ٹاک اسٹوریز میں دستیاب ہوگا۔ اس کے ذریعے صارفین اپنی اسٹوریز میں شامل کی گئی تصاویر یا سیلفیز کو صرف ایک کلک کے ذریعے AI ویڈیو میں بدل سکتے ہیں۔
اس منفرد فیچر کے تحت اگر صارف کی سیلفی یا تصویر کسی کھلے میدان یا سادہ پس منظر میں لی گئی ہو، تو AI ٹولز خودکار طور پر تصویر میں پہاڑ، بادل، دریا یا دیگر قدرتی مناظر شامل کر کے اسے ایک دلچسپ اور متحرک ویڈیو میں بدل دیں گے۔
ٹک ٹاک نے مزید وضاحت کی ہے کہ صارفین اپنی بنائی گئی AI ویڈیو کو اگر پسند نہ کریں تو ایڈٹ کرنے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا، تاکہ انہیں مکمل تخلیقی آزادی حاصل رہے۔
اس AI فیچر سے بننے والی ہر ویڈیو پر واضح طور پر AI لیبل چسپاں ہوگا، اور اگر ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کیا جائے گا تو صارفین کو معلوم ہوگا کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
ٹک ٹاک کے اس جدید فیچر کو صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ AI فیچر سوشل میڈیا کے مستقبل میں ایک بڑا انقلاب ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں