کراچی (نیا محاذ):
عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونا سستا ہوگیا ہے، جس سے زیورات خریدنے والے افراد کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 23 ڈالر سستا ہو کر 3235 ڈالر پر آ گیا، جس کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں۔
ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2300 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 1972 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کمی کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونا 3 لاکھ 41 ہزار 900 روپے جبکہ 10 گرام سونا 2 لاکھ 93 ہزار 124 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کمی عالمی معاشی عوامل، ڈالر کی قدر اور طلب و رسد میں اتار چڑھاؤ کے باعث ہوئی ہے۔ عوامی حلقوں میں توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگر عالمی سطح پر رجحان یہی رہا تو سونے کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
