انقرہ (نیا محاذ):
روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں آج ترکیہ میں اہم مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انقرہ میں ہونے والے یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے گزشتہ ہفتے یوکرین کو مذاکرات کی باضابطہ پیشکش کی تھی، جس پر یوکرینی صدر نے نہ صرف رضامندی ظاہر کی بلکہ زور دیا کہ مذاکرات آمنے سامنے اور براہ راست ہونے چاہئیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ روسی صدر پیوٹن خود ان مذاکرات میں شرکت کریں گے یا نہیں، کیونکہ کریملن کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
بین الاقوامی سیاسی مبصرین اس مذاکراتی عمل کو ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جس سے مستقبل قریب میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے کی امید پیدا ہو سکتی ہے۔
