0

بھارتی جارحیت: پاک فوج کے مزید 2 جوان شہید، شہداء کی تعداد 13 ہوگئی

راولپنڈی (نیا محاذ):
بھارتی فوج کی ایک اور بزدلانہ جارحیت کے نتیجے میں پاکستان نے اپنے مزید دو بہادر سپوتوں کو کھو دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے دو جوان دورانِ علاج جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہداء میں آرمی کے حوالدار محمد نوید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شامل ہیں، جو دشمن کے حملے کے خلاف اپنے وطن کا دفاع کرتے ہوئے شدید زخمی ہو گئے تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حالیہ جارحیت کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے، جب کہ 78 جوان زخمی ہو چکے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ یہ قربانیاں ان جوانوں کی بے مثال حب الوطنی، جرات اور فرض شناسی کا عملی مظہر ہیں، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔
افواجِ پاکستان اور پوری قوم ان بہادر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت اور دلی یکجہتی کرتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والے تمام جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
یہ قربانیاں نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے قومی فخر اور مثالی شجاعت کی علامت ہیں، اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر حال میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں