(نیا محاذ)واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے امریکی کردار کو سراہتا ہے، اور خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیتا ہے۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکہ کی بروقت سفارتی مداخلت نے حالات کو سنبھالا دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بنیادی مسئلہ ہے اور عالمی برادری کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے کے استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا نیا دور مضبوط اقتصادی روابط پر مبنی ہے۔
پاکستانی سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو باہمی مفادات اور تعاون کی بنیاد پر مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
